سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک مسترد کرنے کے معاملے میں اہم پیش رفت عمران خان اور عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر،جسٹس منصور علی شاہ سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ آئندہ ہفتے سماعت کرے گا
Urdu NewsJanuary 26, 2024
0
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26جنوری2024 ء) سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک مسترد کرنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ آئندہ ہفتہ نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ 07 اپریل 2022ء کو سنایا تھا۔5 رکنی ججز نے متفقہ فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیرآئینی اور کالعدم قرار دے دیا تھا۔سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس پر ازخود نوٹس اور متعدد فریقین کی درخواستوں پر مسلسل پانچویں روز بھی سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی بینچ میں شامل تھے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پورے ملک کی حلقہ بندیاں کرنی ہیں یا کچھ علاقوں کی؟ جس پر الیکشن کمشنر نے کہا کہ پورے ملک کی حلقہ بندیاں ہونی ہیں، 6سے 7مہینے الیکشن کیلئے چاہیے ہیں۔ بعد ازاں تقریباً ساڑھے 8 بجے سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا، فیصلے میں 5 رکنی لارجر بنچ نے قومی اسمبلی کو بحال کردیا تھا۔