جیلیں اس لیے نہیں کاٹیں کہ لوگ ووٹ نہ دیں، 8 فروری کو گھروں سے لازمی نکلیں امیدوار اور انتخابی نشان جو بھی ہوووٹ عمران خان کے نام کا ہے،مریم نواز چاہتی ہیں جیل سے باہر نہ نکلوں تاکہ ان کے الیکشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔صنم جاوید کی گفتگو
Urdu NewsJanuary 26, 2024
0
لاہور (اردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 26 جنوری 2024) زمان پارک کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے اور پولیس پر تشدد کے مقدمے میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کو پیش کیا گیا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے سماعت کی ۔ عدالت نے صنم جاوید کو واپس جیل بھجوا دیا۔پولیس نے صنم جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔عدالت نے کہا کہ ملزمہ کو اس مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ کیلیے آیندہ پیش نہ کیا جائے ملزمہ صنم جاوید کی اس مقدمہ کی ضمانت ہو چکی ہے۔
ملزمہ کے وکلاء نے کہا کہ ملزمہ صنم جاوید کی اس مقدمہ میں ضمانت ہو چکی ہے اور رہائی کی روبکار بھی جیل ارسال ہو چکی ہے ۔ صنم جاوید کو تھانہ ریس کورس کے مقدمہ نمبر 410/23 میں پیش کیا گیا۔مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ صنم جاوید نے زمان پارک کے باہر انگیز تقاریر کی اور کارکنان کو پولیس پر حملہ ہر اکسایا۔
صنم جاوید اور دیگر نے زمان پارک کے باہر جلاؤ گھیراؤ کیا ۔ زمان پارک میں ڈی آئی جی پر تشدد کیا گیا پولیس کی گاڑیاں جلائی گئی۔عدالت پیشی پر صنم جاوید نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو کنفیوژ کیا جا رہا ہے کہ آزاد امیدوار پیپلز پارٹی یا آئی پی پی کے ساتھ مل جائیں گے۔ ہم نے جیلیں اس لیے نہیں کاٹیں کہ آپ لوگ ووٹ نہ دیں، 8 فروری کو سب گھروں سے نکلیں۔
ووٹ عمران خان کے نام کے ہے اور لوگوں نے عمران خان کے نام پر پی ووٹ دینا ہے چاہے انتخابی نشان اور امیدوار جو بھی ہو۔ صنم جاوید نے کہا کہ مجھے اپنے نام کا ڈر دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے،انہیں ہر عام شہری کا بھی اتنا ہی خوف ہونا چاہئیے،مریم آپ تین دفعہ کے وزیراعظم کی بیٹی ہیں تھوڑی ہمت کریں اتنی بھی کیا ضرورت ہے ڈرنے کی،لوگوں کو جیلوں سے باہر نہیں نکالا جا رہا تاکہ ان کے الیکشن میں رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز بھی اپنے والد کی طرح جلد باہر بھاگ جائیں گی، چھوٹی یا بڑی سرجری کروانے کے لیے لیکن انہوں نے جانا باہر ہی ہے۔